تحریک انصاف کے تمام وزراء اور دیگر 50 رہنماؤں کے اثاثوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا حسن عسکری شیخ صوبائی رہنما مسلم لیگ ن
چنی گوٹھ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں تحریک انصاف کے تمام وزراء اور دیگر 50 رہنماؤں کے اثاثوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مفلوج ہوکر رہ گئی اور دوسروں کو چور چور کا راگ الاپنے والوں نے پونے چار سال میں قومی خزانہ کو کنگال کرکے رکھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حسن عسکری شیخ نے کہاکہ عمران نیازی کا بیان ریکارڈ پر ہے کہ وہ پی ایم پاکستان اس لیے نہیں بنا تھاکہ وہ آلو، ٹماٹر اور چھوٹی بڑی چیزوں کے ریٹ دیکھے گا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جو بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ دراصل اپنی میگا کرپشن کا دفاع کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں مگر اس کرپٹ ٹولے کو پونے چار سال کی لوٹ مار کا حساب قوم کو دینا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ یوٹرن خان نے بیرونی خط اور سازش کا سہارا لیکر جلسوں میں اپنی کارکردگی بتانے کی بجائے اپنی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی کرپشن چھپانے کیلئے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ھے اور اپنی لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے دوسروں کو غداری کے سرٹیفکٹ بانٹ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا شخص عمران خان ہے جو معیشت پر ایٹم بم بن کر گرا ہے اور کڑی شرائط پر کھربوں کا قرض لیا جس کا کوئی اتا پتہ تک نہیں کہاں خرچ ہوا مگر جاتے جاتے نیازی معیشت کو بھی وینٹی لیٹر پر ڈال گیا ہے۔