ایشیا کپ ، سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دیدی۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے قائد بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، محمد رضوان 14 گیندوں پر 14 رنز بناکر پرمود مدوشان کی گیند پر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، فخر زمان 18 گیندوں پر صرف 13 سکور بناکر چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن کے قریب ہاسارنگا کو کیچ دے بیٹھے۔
کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 30 رنز بناکر ہاسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، پاکستانی بیٹرز کی جانب سے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، افتخار احمد 13، خوشدل شاہ 4، آصف علی اور حسن علی صفر، صفر پر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز نے 26 رنز کی اننگز کھیلی اور ڈی سلوا کو کیچ دے بیٹھے جبکہ عثمان قادر 3 اور حارث رؤف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی جانب سے ہاسارنگا نے سب سے زیادہ 3 وکٹ حاصل کیں، تھیکشانا اور پرمود مدوشان نے 2، 2 جبکہ کرونارتنے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس طرح گرین شرٹس 19 اعشاریہ 1 اوورز میں صرف 121 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا نے 122 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،اوپنرنیسانکا 55 رنز اور ہاسارانگا ڈی سلوا نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، مینڈس 0، گوناتھکیلے 0، ڈی سلوا 9، راجاپاکسا24، شناکا 21 سکور بنا کر پویلین لوٹے۔ محمد حسنین، حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، عثمان قادر نے ایک شکار کیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ کے لئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ عثمان قادر اور حسن علی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
پاکستان کے خلاف لنکا پلیئنگ الیون میں کپتان داسن شناکا، دنوشکا گوناتھیلاکا، پاتھم نسانکا، وکٹ کیپر کوشال مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، بھانوکا راجاپکسا، وانندو ہاسارنگا، چیمکا کرونارتنے، مہیش تھیکشانا، پرمود مدوشان اور دلشان مدوشانکا شامل ہیں۔