Contact Us

ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بغیر نتیجہ ختم

Pallay Kailay Stadium

ایشیا کپ 2023 میں بارش کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر  آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو 267 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہ ہوسکی اور میچ ختم کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، اس طرح پاکستان نے سپر  4 مرحلےکے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

اس سے قبل سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم نے 48 اعشاریہ 5 اوورز میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا  ہدف دے دیا۔

بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی، بھارتی کپتان روہت شرما ٹیم کے مجموعی 15 اسکور پر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے، روہت نے 22 گیندوں پر گیارہ رنز بنائے، اس کے بعد شاہین نے کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔

حارث رؤف نے شریس ائیر کو 14 رنز پر آؤٹ کیا، بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔

بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو  شبمن گل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا۔

اس موقع پر ہاردک پانڈیا اور ایشان کشن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بغیر دباؤ کے کھیلتے ہوئے پاکستانی بولرز کو چاروں طرف شاٹس لگائے۔

204 کے مجموعی اسکور پر ایشان کشن 82 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے جب کہ کچھ دیر بعد ہاردک پانڈیا بھی 87 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد بھارت کی بقیہ وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی گئیں اور پوری ٹیم 266 رنز بنا کر 7 گیندوں قبل ہی آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جب کہ نسیم شاہ نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں اور حارث رؤف نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں