سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں بھی عاشورہ آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا

شہر احمد پور شرقیہ میں تعزیہ علم اور ذوالجنا ح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ نور شاہ بخاری سے برآمد ہوگا جوچوک کربلا چوک منیر شہید پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کی ہدایت پر بلدیہ احمد پور شرقیہ اور اوچشریف نے دونوں شہروں میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے ہیں
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمود اکبر بزدار کی نگرانی میں تحصیل احمد پور شرقیہ میں تعزیہ ،علم اور ذوالجناح کے جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے
احمد پور شرقیہ( سٹاف رپورٹر) ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں بھی یوم عاشورہ آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا احمد پور شرقیہ ڈیرہ نواب صاحب ،اوچ شریف ،چنی گوٹھ مبارک پور، جانو والا سکھیل ، نوشہرہ جدید ،پیپلی راجن اور دیگر مقامات پر تعزیہ ،علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے- شہر احمد پور شرقیہ میں تعزیہ علم اور ذوالجنا ح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ نور شاہ بخاری سے برآمد ہوگا جو تحصیل بازار سے ہوتا ہوا چوک کربلا چوک منیر شہید پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا جہاں شام غریباں برپا ہوگی جلوس کے راستے میں دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ غمگساران حسین سینہ کوبی ،ماتم اور زنجیر زنی کریں گے اس طرح جلوس کے راستے میں نوحہ خوان پارٹیاں امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسین کو منظوم خراج عقیدت پیش کرینگی
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کی ہدایت پر بلدیہ احمد پور شرقیہ اور اوچشریف نے دونوں شہروں میں چیف آفیسر فرّخ عدنان کی نگرانی میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے ہیں جبکہ سرکل پولیس کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمود اکبر بزدار کی نگرانی میں تحصیل احمد پور شرقیہ میں تعزیہ ،علم اور ذوالجناح کے جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں مزید برآں پاک فوج کے دستے کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھی ڈیرہ نواب صاحب چھاؤنی میں الرٹ رہیں گے