سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں عاشورہ آج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا
شہر احمد پور شرقیہ میں تعزیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ نور شاہ بخاری سے برآمد ہوگا جو کربلا چوک منیر شہید پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جہاں شام غریباں بر پا ہو گی
اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر کی نگرانی میں امام بارگاہوں اور محرّم کے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کا مرحلہ مکمل ہو گیا جبکہ ڈی ایس پی محمد جاوید اختر چوہدری کی قیادت میں پولیس ملازمین کی تحصیل بھر میں حفاظتی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں
احمد پور شرقیہ( سٹاف رپورٹر )سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں آج عاشورہ عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا- شہر احمد پور شرقیہ میں تعزیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ نور شاہ بخاری سے برآمد ہوگا جو تحصیل بازار سے ہوتا ہوا کربلا چوک منیر شہید پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا جہاں شام غریباں بر پا ہو گی – جلوس کے راستے میں دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ نوحہ خوان پارٹیاں امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کریں گی
اسی طرح چنی گوٹھ ،اوچشریف ،جانو والا ،مبارک پور ،ڈیرہ نواب صاحب ، سکھیل، ہتیجھی اور دیگر متعدد مقامات سے بھی تعزیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے مقامی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر کی نگرانی میں سب ڈویژن احمد پور شرقیہ کی امام بارگاہوں کے علاوہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر صفائی و ستھرائی کے خصوصی اقدامات کیے ہیں جبکہ ڈپٹی سرنٹنڈنٹ پولیس محمد جاوید اختر چوہدری کی قیادت میں سرکل پولیس کے ملازمین کی تحصیل بھر میں حفاظتی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور پولیس موبائلیں برابر گشت کر رہی ہیں نیز رینجرز اور ریزرو پولیس کو حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے اسی طرح پاک فوج کے دستے کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ڈیرہ نواب صاحب چھاؤنی میں الرٹ رہیں گے

