آل پاکستان قائداعظم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024کا فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد اشرف شوگر ملز نے اپنے نام کرلیا

Ashraf Sugar Mills winner football team

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ   نے بطور مہمان خصوصی فائنل میچ میں شرکت کرتے ہوئے کھلاڑیوں میں ٹرافی ونقد انعامات  تقسیم کیے


بہاول پور :  آل پاکستان قائداعظم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024کا فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد اشرف شوگر ملز نے اپنے نام کرلیا، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی بطور مہمان خصوصی فائنل میچ میں شرکت کرتے ہوئے کھلاڑیوں میں ٹرافی ونقد انعامات اپنے دست مبارک سے تقسیم کیے۔ تفصیل کے مطابق بہاولپور ڈرنگ اسٹیڈیم میں جاری آل پاکستان قائداعظم گولڈ کپ 2024ٹورنامنٹ اکتوبر سے جاری تھا جس میں ملک بھر کے مختلف اضلاع اور ڈیپارٹمنٹس کی 16ٹیموں نے شرکت کی۔ اس فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل تک پاکستان آرمی اور اشرف شوگر ملزپہنچنے تک کا میاب رہے۔دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑی شاہد جمیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری حاصل کروادی تو اگلے ہاف میں پاکستان آرمی کی ٹیم کے کھلاڑی محمد لالہ نے بھی گول کرکے میچ کا سکور ایک ایک کرکے برابر کر دیا جو کہ میچ کے آخر تک برقرار رہا۔ میچ کا فیصلہ پلنٹی کیکس پر ہوا جسے اشرف شوگر ملز کی ٹیم نے پاکستان آرمی کے4 گول کے مقابلے میں 5گول کرکے فائنل اپنے نام کرلیایوں اشرف شوگر ملز کی ٹیم آل پاکستان قائداعظم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کی فاتح قرار پائی۔فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے ڈرنگ اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ میں ہزاروں شائقین موجود تھے جوکہ اس دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کیساتھ ساتھ میچ کے بعد ہونے والی آتش بازی سے خوب لطف اندوز ہوئے۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ تھے جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مصافحہ بھی کیا اور ٹرافی ونقد انعامات اپنے دست مبارک سے تقسیم کیے اور جیتنے والی اشرف شوگر ملز کی ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد بھی دی