پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کے بچاؤ اور بحالی میں اہم ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار سے یورپی یونین کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان کے مطابق آرمی چیف نے یورپین یونین سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ روابط میں مزید وسعت کی امید کا اظہار کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپین یونین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کے بچاؤ اور بحالی میں اہم ہوگی، پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات میں وسعت کے لیے پر امید ہیں۔