عارف عزیز شیخ کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر بم گرانے کے مترادف ہے مہنگائی کے طوفان کو روکنے کیلئے مؤثر پالیسی اختیار کی جائے سابق ایم این اے کا مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور اس صورتحال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر بم گرانے کے مترادف ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کی زندگی پہلے ہی انتہائی مشکلات کا شکار ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ آمدنی کے ذرائع محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف مہنگائی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا بلکہ اس کے اثرات ہر طبقہ فکر تک پہنچیں گے۔
عارف عزیز شیخ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر ایسے فیصلوں سے گریز کیا جانا چاہیے جو عام آدمی کیلئے مزید مشکلات پیدا کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور مہنگائی کے طوفان کو روکنے کیلئے مؤثر پالیسی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

