احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے:عارف عزیز شیخ
احمد پور شرقیہ کے عوام طویل عرصے سے ضلع کے مطالبے کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں سابق ایم این اے کی مخدوم امجد بخاری اور خورشید احمد بھٹی کے ہمراہ گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وسیع رقبے اور بڑی آبادی پر مشتمل اس تحصیل کو ضلع کا درجہ ملنے سے عوام کو سرکاری امور کے سلسلے میں درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور علاقے میں انتظامی و ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر ضلعی امن کمیٹی بہاولپور مخدوم امجد بخاری اور سماجی و سیاسی رہنما خورشید احمد بھٹی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ کے عوام طویل عرصے سے ضلع کے مطالبے کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، اس لیے حکومت کو عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اہم مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر ترقیاتی منصوبہ بندی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔عارف عزیز شیخ نے مزید کہا کہ عوام کو صحت، تعلیم، سڑکوں، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت احمد پور شرقیہ کو ضلع بنانے کے دیرینہ مطالبے پر عملی پیش رفت کرے گی۔

