چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے و سربراہ شیخ گروپ عارف عزیز شیخ اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ہمارا صوبائی حلقہ تبدیل کر دیا گیا ہے ہمارے علاقوں کو علیحدہ کر کے چولستان کے ساتھ لگا دیا گیا ہے ۔ جس کے لئے ہم کو یکجا ہونا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع رام کلی کے زمیندار و تاجر ملک الہی بخش رڈ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے پر تکلف ظہرانے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اب ہم بلا تفریق اکٹھے ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ہماری تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زائد کی آبادی دوسرے حلقے میں منتقل کی گئی ہے جو کہ تقریباً پانچ یونین کونسلیں بنتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقے کے مسائل اپنے نوجوانوں کے مستقبل کے لئے تمام رنجشیں ختم کر کے اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ کرنا ہو گا ، اسی میں ہمارے علاقے کی بقا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے نوکریوں کے حصول کے لئے دھکے کھا رہے ہیں مگر ہمارے علاقوں کی نوکریاں لاکھوں روپے کے عوض بیچ دی جاتی ہیں ، سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں درجنوں نوجوانوں کو بلا تفریق نوکریاں دیں اور پانچ سو سے زائد بستیوں کو بجلی فراہم کی اس کے ساتھ ساتھ میرے سوئی گیس سمیت دیگر اربوں روپے کے منصوبہ جات سرفہرست ہیں جن کی آج تک مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج منظور ہوا تھا اس منصوبے کو بھی ختم کرا دیا گیا ، اس موقع پر رڈ برادری نے یک زبان ہو کر حسن عسکری شیخ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر سابق چیئرمین یوسی چنی گوٹھ مہر محمد صدیق ، سابق وائس چیئرمین یوسی راجڑہو ملک پرویز اختر رڈ ، سابق کونسلر ملک محمد اقبال رڈ ، ملک حسن رڈ ، ملک پیر بخش رڈ ،ملک خورشید احمد بھٹی ، جام شاہ محمد نہایا ، مہر بشیر احمد ، ملک محمد رفیق رڈ ،رئیس محمد صدیق چاچڑ ، ملک حق نواز رڈ ، رانا ساجد غفار سمیت دیگر عمائدین علاقہ موجود تھے ۔