عارف عزیز شیخ کا تحصیل احمد پور شرقیہ میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار تشویش
عوام متاثرین کے ساتھ تعاون کریں حکومت تحصیل احمد پور شرقیہ کے 36 مواضعات کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے سابق رکن قومی اسمبلی
چنی گوٹھ (نامہ نگار)سابق رکن قومی اسمبلی عارف عزیز شیخ نے تحصیل احمد پور شرقیہ میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ عوام تک فوری ریلیف پہنچانا سب کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے صاف پانی، کھانے پینے کا انتظام، عارضی رہائش اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔ حکومت اور امدادی ادارے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، لیکن مقامی سطح پر عوام اور خیراتی اداروں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔
عارف عزیز شیخ نے عوام پر زور دیا کہ وہ متاثرین کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا مکمل تخمینہ جلد تیار کیا جائے اور متاثرہ علاقوں کی دوبارہ تعمیر و ترقی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ کوشش کے ذریعے اس قدرتی آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے اور متاثرین جلد اپنے معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تحصیل احمد پور شرقیہ کے 36 مواضعات کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے ۔

