صوبائی حلقہ میں میری ایم این اے شپ کے دوران بجلی ، سڑکوں اور سوئی گیس کے لاتعداد منصوبہ جات مکمل ہوئے: عارف عزیز شیخ

چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے و سربراہ شیخ گروپ عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 250 چنی گوٹھ اوچشریف سے ہمارے گروپ کے متفقہ امیدوار حسن عسکری شیخ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امیدوار صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حلقہ میں میری ایم این اے شپ کے دوران بجلی ، سڑکوں اور سوئی گیس کے لاتعداد منصوبہ جات مکمل ہوئے اور ہم نے بیروز گار درجنوں نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کیا ، سابق ایم این اے نے کہا کہ اس کے علاوہ پورے حلقہ میں کوئی ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ میں چند گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی ہے ان میں بھی ہمارے ووٹروں کو نظر انداز کر دیا گیا جن گلیوں میں ان کے گھر تھے ان کو درمیان میں سے چھوڑ دیا گیا اور یہاں تک کہ اگر گلی کے درمیان میں بھی کسی سیاسی مخالفین کے گھر آ جاتے تھے تو ان کے گھروں کو چھوڑ کر اس سے آگے ٹف ٹائل لگا دی گئی ہے ۔ عارف عزیز شیخ نے کہا کہ ہمارا گروپ عوام کے ووٹوں سے بر سر اقتدار آ کر بلا تفریق حلقہ کے عوام کے مسائل حل کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پچیس سال سے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکے تو آئندہ بھی ان سے کوئی امید نہیں رکھی جا سکتی ۔