اوچ شریف سمیت پنجاب کے 7 ہزار قبل مسیح کے 1183 تاریخی مقامات معدوم ہونے لگے

پنجاب میں 1183 تاریخی سائٹس موجود ہیں جن میں سے کسی ایک پر بھی کام نہیں ہو رہا
محکمہ آثار قدیمہ کی اس فہرست میں بہاول پور، چولستان کی 454 سائٹس بھی شامل ہیں
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ شریف سمیت پنجاب کے کئی آثار قدیمہ کی کھدائی نہ ہونے سے 7 ہزار قبل مسیح کے 1183 تاریخی مقامات معدوم ہونے لگے، تفصیلات کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ کی اپنی تحقیق کے مطابق پنجاب میں 1183 تاریخی سائٹس موجود ہیں جن میں سے کسی ایک پر بھی کام نہیں ہو رہا، 29 سال قبل ہونے والی محکمہ آثار قدیمہ کی اس فہرست میں بہاول پور، چولستان کی 454 سائٹس بھی شامل ہیں،
فنڈز مختص نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ بھر میں 7 ہزار قبل مسیح کی 19، 3300 قبل مسیح کی ہاکڑہ سائٹ، 2500 قبل مسیح میں ہڑپہ کے ابتدائی دور کی 56، ہڑپہ کے درمیانے دور کی 31، 1400 قبل مسیح میں ہڑپہ دور کی 5، 700 قبل مسیح کی 256، آٹھویں صدی عیسوی سے 11 ویں صدی عیسوی میں ابتدائی مسلم دور کی 145، 12 ویں صدی عیسوی سے 15 ویں صدی عیسوی میں سلاطین دور کی 195، 15 صدی عیسوی سے 18 ویں صدی عیسوی میں مغلیہ دور کی 324 جبکہ 18 ویں صدی عیسوی سے 1947ء تک سکھ اور برٹش دور کی 176 سائٹس شامل ہیں۔ 1992ء میں محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے سرکاری سطح پر تاریخی سائٹس پر مشتمل ایک کتاب بھی مرتب کی گئی مگر عملی کام نہ شروع کیا جا سکا،
قبل مسیح، ہندو، مغل اور انگریز ادوار کے ضلع ملتان میں 50، ضلع خانیوال میں 51، ضلع وہاڑی میں 39 اور ضلع لودھراں میں 36 سائٹس موجود ہیں۔ضلع بہاول پور میں زمانہ قدیم کی 60، ضلع راجن پور میں 11، ضلع ڈیرہ غازی خان میں 14، ضلع مظفر گڑھ میں 20، ضلع لیہ میں 11 اور ضلع جھنگ میں 55 سائٹس موجود ہیں، اوچ شریف میں محلہ بخاری جبکہ چولستان میں قلعہ ڈراوڑ سے 40 کلو میٹر دور ”گویری والا سائٹ“ اور ”کڈھ والا سائٹ“ یزمان کی تاریخ بھی ہڑپہ دور کی ہے جہاں کھدائی کی جائے تو قدیم شہر کی باقیات برآمد ہو سکتی ہیں۔یہ مقامات پنجاب میں ہڑپہ اور سندھ میں موہنجو داڑو کے درمیانی قدیمی شہر کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں مگر سرکاری طور پر ان مقامات کی کھدائی کے لئے آج تک کوئی اقدامات ہی نہیں کئے گئے، ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق اگر محکمہ کی جانب سے ان مقامات کی کھدائی شروع کرائی جائے تو قبل مسیح میں بعض وجوہات کی بنا پر دفن ہو جانے والے شہر منظر عام پر آ سکتے ہیں۔