اسلامیہ یونیورسٹی کو ایم ایس بائیو میڈیکل انجینئرنگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری
ہائرایجوکیشن کمیشن نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو ایم ایس بائیو میڈیکل انجینئرنگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایم ایس بائیو میڈیکل انجینئرنگ پروگرام شعبہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ فیکلٹی آف انجینئرنگ میں شروع کیا جائے گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جنوبی پنجاب میں پہلی یونیورسٹی ہے جہاں انتہائی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایم ایس بائیو میڈیکل انجینئرنگ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے لیے ڈاکٹر انجینئر محمد علی قریشی، ایسو سی ایٹ پروفیسراور ڈاکٹر انجینئر اسجد امین ایسو سی ایٹ پروفیسر کو اس پروگرام کے آغاز کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے گزشتہ تین برسوں میں 49 ایم ایس اور23 پی ایچ ڈی پروگراموں کے اجراء کی منظوری دی ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد امجداورپروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ سنٹر کو مبارکباد دی ہے۔