بہاول پور:21/جون ( ) کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انورنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے دوران اعلیٰ معیار کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ غیر ضروری التواء کے باعث منصوبہ جات کی لاگت میں اضافہ نہ ہو۔ وہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران افسران تواتر کے ساتھ فیلڈ وزٹ کریں اور منصوبہ جات کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ کمشنر بہاول پور نے اجلاس کے دوران کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے تاکہ عوام الناس کو سہولیات کی بروقت فراہمی شروع ہو سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ مہر خالد احمد، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس طالب رندھاوا، ایس ای بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ انور عادل، ایس ای ہائی ویز طارق ملغانی، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر واجد ملک،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص دین محمد سمیت متعلقہ محکمہ کے افسران شریک تھے۔اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے جاری 14 ترقیاتی منصوبوں کی نظرثانی کے بعد تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبہ جات میں بہاول نگر ہائی ویز کے2،رحیم یارخاں کے3، ہائرایجوکیشن بہاول نگر کا ایک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا ایک، چولستان ترقیاتی ادارہ بہاول پور کا ایک اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے6 نظر ثانی شدہ منصوبہ جات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جن منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں بحالی وکشادگی میٹل روڈ ہارون آباد تا فورٹ عباس کے لیے نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت59.216 ملین روپے، کشادگی وبحالی میٹل روڈ ہارون آباد تا ہیڈ7آرکا نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت114.781 ملین، تعمیر میٹل روڈ اڈ ہ سوئی گیس تا پل کورائی ضلع رحیم یارخاں نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت 59.558 ملین، تعمیر و مرمت شاہرات لیاقت پور سٹی نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت200ملین، کشادگی و بحالی میونسپل کمیٹی لیاقت پور روڈ نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت125ملین روپے، تعمیر بی ایس بلاک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بہاول نگر نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت161.358ملین، تعمیر سیوریج سکیم چک نمبر137ڈی بی، چک نمبر28 ڈی بی، چک نمبر143 ڈی بی تحصیل یزمان نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت57.077ملین، پرائمری و سیکرٹری ہیلتھ کیئر تنصیب مشینری رورل ہیلتھ سنٹر یزمان نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت31.926ملین، فراہمی مشینری تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صادق آباد نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت 116.254 ملین، تعمیر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ تحصیل ہیڈ کوا ٹر ہسپتال خان پور نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت109.548ملین، اپ گریڈیشن بنیادی مرکز صحت کوٹلہ پٹھان نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت123.184ملین، اپ گریڈیشن بنیادی مرکز صحت ہیڈ فرید ضلع رحیم یارخاں نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت136.377ملین،تعمیر آرتھو پیڈک وارڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت138.245 اور تعمیر سولنگ ڈیراور تا کوٹھی تھل تا تکیہ روشن علی تحصیل یزمان نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت10.146ملین شامل ہیں۔