نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے اے پی این ایس کی صدر نازآفریں اور سرمد علی کی قیادت میں وفد کی ملاقات
اخباری صنعت کے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی
جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 2، 2 سال پرانی ویڈیوز دکھا ئی جا رہی ہیں
پنجاب سے 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا، 21 کو رہا کر دیا گیا،عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں
پہلے سے طے شدہ تھا کہ کس نے کہاں جانا ہے، 8 مارچ کو زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤکیا
اخبارات کو اشتہارات کی مد میں 85اور15کے تناسب سے ادائیگی کی جائیگی، اشتہارات کے کوٹے میں بھی اضافہ کیاجارہاہے
اے پی این ایس کے رکن ممتاز احمد طاہر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت، صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
لاہور30 مئی: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آج وزیر اعلی آفس میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی صدر نازآفریں اور سیکرٹری جنرل سرمد علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی- اے پی این ایس کے وفد نے اخباری صنعت کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے اخباری صنعت کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی- اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا- 2، 2 سال پرانی ویڈیوز دکھا کربے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے- عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں -پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا، 21 کو رہا کر دیا گیا – جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے-تقریبا 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن ہم نے گرفتاری سے گریز کیا-واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی بے گناہ کو نہیں پکڑنا- محسن نقوی نے کہا کہ جناح ہاؤس کے ساتھ میانوالی ایئر بیس پر حملے کا خطرناک منصوبہ بنایا گیا- حملہ آور قیمتی جہاز جلانا چاہتے تھے-میانوالی میں حملہ آور بھوسے سے بھری ٹرالیوں میں اسلحہ لے کر آئے تھے-میانوالی میں پولیس کے جوان زخمی حالت میں بھی حملہ آوروں سے لڑتے رہے- پہلے سے طے شدہ تھا کہ کس نے کہاں جانا ہے، 8 مارچ کو زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤکیا – محسن نقوی نے کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی- نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی- اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی جلد ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں -اخبارات کو اشتہارات کی مد میں 85اور15کے تناسب سے ادائیگی کی جائے گی۔اشتہارات کی 85فیصد ادائیگی اخبارات کو جبکہ 15فیصد ایڈورٹائزنگ ایجنسی کو ادا کی جائے گی۔اخبارات کے لئے اشتہارات کے کوٹے میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیاجارہاہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ اخبارات کو اشتہارات کا سسٹم ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے -اخبارات کو اشتہارات کی مد میں ادائیگی کم سے کم وقت میں کی جائے گی- صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی شروع ہو چکی ہے – ملاقات کے دوران اے پی این ایس کے رکن ممتاز احمد طاہر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئیاورسینئر صحافی ممتاز احمد طاہر کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا -ملاقات میں اے پی این ایس کے انتقال کرنے والے ارکان کے رسائل و جرائد کے اشتہارات جاری رکھنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا-وفد میں مجیب الرحمن شامی، منیر گیلانی، شہاب زبیری، سجاد بخاری، وقارالدین، امتنان شاہد، ہمایوں طارق، ہمایوں گلزار، محسن بلال، محسن سیال، فوزیہ شاہین، بلال محمود، یونس مہر، ممتاز پھپھوٹو، فیصل شاہجہان، ممتاز، جاوید مہر شمسی، اویس خوشنود،عرفان اطہر اور دیگر شامل تھے-صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے