Contact Us

اپیکس کمیٹی پشاور اجلاس؛ دہشت گردی کے خلاف افغانستان سے دو ٹوک بات کرنے کا فیصلہ

Apex Committee meeting

پشاور: ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور افغانستان کے ساتھ دو ٹوک بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سیاسی قیادت نے فورسز کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں وزیراعظم شہباز شریف کے زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، وزیراعظم اور دیگر شرکاء کو امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سفارتی وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، سفارتی وفد افغان حکومت سے دوٹوک بات کرے گا، افغان حکومت کے سامنے کالعدم تنظیم کی کارروائیوں کے ثبوت رکھے جائیں گے، اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیس آپریشن کا بھی فیصلہ ہوا۔

اجلاس میں موجودہ صورتحال میں ملٹری کورٹس دوبارہ فعال کرنے پر بھی غور کیا گیا، ملٹری کورٹس کے حوالے سے تجویز آل پارٹیز کانفرنس میں رکھی جائے گی، سیاسی قیادت نے فورسز کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پشاورپولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خود کش حملے اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، حساس اداروں کے نمائندوں نے سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی، انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری نے خود کش حملے کی اب تک کی تحقیقات اور ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، حملہ آور کی آمد کے طریقہ کار اور جس راستے سے وہ آیا، ویڈیوز کے ذریعے اس کی نشان دہی کر لی گئی۔

اجلاس میں پشاور پولیس لائنز کے شہداءکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی، اجلاس نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے پیاروں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، حکومت اور قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے، پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، معصوم پاکستانیوں پر حملہ کرنے والے ہر صورت سزا پائیں گے۔

مزید پڑھیں