فوج اورعوام کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا: آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست میں یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنےکی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے گیریژن افسران اور ریٹائرڈ افسروں سے الگ الگ گفتگو کی جبکہ انہوں نے لاہور کور کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست کی سالمیت اور یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے، فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے جبکہ دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب آرمی چیف کا سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا اور میجر حارث کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھاکہ میجر حارث کے معاملے پر قانون اپنا راستہ لے گا اور زیر حراست ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔