اسٹنٹ کمشنرمحمد نوید حیدر سے انجمن تاجران اوچ شریف کے وفد کی ملاقات، تاجروں کے مسائل اور انتظامی امور پر گفتگو

وفد نے مارکیٹوں میں صفائی کی صورتحال، ٹریفک کے مسائل، تجاوزات، لوڈ شیڈنگ، سیکیورٹی، اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی جیسے اہم نکات پر بات کی۔
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر سے انجمن تاجران اوچ شریف کے ایک اہم وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی صدر انجمن تاجران اوچ شریف عمر خورشید سہمن نے کی جبکہ ان کے ہمراہ مرکزی جنرل سیکرٹری چوہدری محمد طارق، صدر موبائل یونین اظہر اقبال مغل اور خواجہ فہد حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شہر کے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل اور انتظامی معاملات زیر بحث آئے۔ وفد نے مارکیٹوں میں صفائی کی صورتحال، ٹریفک کے مسائل، تجاوزات، لوڈ شیڈنگ، سیکیورٹی، اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی جیسے اہم نکات پر بات کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے، اور انتظامیہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔مرکزی صدر عمر خورشید سہمن نے انتظامیہ کے تعاون کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاتا رہے گا۔یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقین نے شہر کی بہتری اور تاجروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا