اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے معاشرہ میں خود احتسابی کے عمل کو فروغ دینا ہوگا کمشنر راجہ جہانگیرانور

anti corruption seminar

معاشرہ کے ہر فردکو خوداحتسابی کا طرزِ عمل اپنا کر ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

اسلامیہ یونیورسٹی اورمحکمہ اینٹی کرپشن کے اشتراک سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار میں اظہار خیال

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پوراورمحکمہ اینٹی کرپشن حکومت پنجاب بہاول پور کے اشتراک سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر عباسیہ کیمپس میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیرانور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے معاشرہ میں خود احتسابی کے عمل کو فروغ دینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ معاشرہ کا ہر فرد اپنی سطح پر درست کام کرے اور نئی نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہر شخص اپنے معاملات کو درست کرنے کے لیے ضابطہ و قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے۔ انھی عوامل سے ایک کرپشن سے پاک سوسائٹی عمل میں آئے گی۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اپنی ذمہ داریوں کو قانون کے مطابق ادا کرنے اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے سے معاشرہ ترقی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بہترین تعلیم و تربیت دے کر ہی ہم ترقی یافتہ اقوام میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشرہ کے ہر فردکو خوداحتسابی کا طرزِ عمل اپنا کر ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن غلام یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے سماجی شعور بیدار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل کے لیے بدعنوانی کے خلاف ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی ادارے اور ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کی کردار سازی اور نئی نسل کی درست رہنمائی کے ساتھ ہم بدعنوانی کے ناسور کو شکست دے سکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کو معاشرے سے ختم کرنے کے لیے پوری قوم کو دیانت داری اور ایمانداری کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے شعور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں معاشرے کے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ سیمینار سے پروفیسر عون محمد سعیدی، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، صدر ہائی کورٹ بار اے آر اورنگزیب نے بھی سیمینار سے خطاب کیا جبکہ جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار سید فیصل عباس بخاری،سابق صدر ہائی کورٹ بار سردار محمود اقبال خاکوانی، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید محمد طارق بخاری، چیف انجینئر اریگیشن خالد بشیر، انتظامی افسران، فیکلٹی اسلامیہ یونیورسٹی، وکلاء اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاول پور غلام یٰسین کی قیادت میں اینٹی کرپشن آفس سے عباسیہ کیمپس تک واک بھی کی گئی۔

anti corruption day walk

مزید پڑھیں