ڈاکٹر اطہرمحبوب کا پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات کے لیے مفت داخلے اور سکالرشپ کا اعلان

VC IUB

وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب کا پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں مفت داخلے اور 100فیصد سکالرشپ کا اعلان

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب نے پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈ وں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں مفت داخلے اور 100فیصد سکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔ وائس چانسلر نے یہ اعلان داخلہ مہم کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک، ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنزکے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات والدین اور تعلیمی ادارے کا فخر ہوتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ٹیلنٹ کی پزیرائی اور حوصلہ افزائی کرے گی اور ایسے طلباء وطالبات کو یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں بی ایس پروگراموں میں 100فیصد سکالرشپ فراہم کیا جائے گا اور داخلہ فیس بھی نہیں لی جائے گی۔ بہاول پور تعلیمی بورڈ کے علاوہ پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر اس اقدام سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں موسم خزاں ایڈمیشن 2022کی بڑی داخلہ مہم جاری ہے۔ یونیورسٹی بہاول پور، بہاولنگر، رحیم یارخان، احمد پور اور لیاقت پور کمپسز میں بی ایس کے215 مارننگ اور ایوننگ پروگراموں میں داخلہ فراہم کر رہی ہے۔  وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر گزشتہ برس کی طرح عباسیہ کیمپس میں ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس، ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کے زیر اہتمام مرکزی ایڈمیشن سیل ورابطہ دفتر آنے والے طلباء وطالبات کو خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ اس سال بھی ڈویژن بہاول پور کے دور افتادہ علاقوں کے طلباء وطالبات اور والدین کی سہولت کے لیے بہاول پور، رحیم یار خان، بہاولنگر، احمد پور اور لیاقت پورسمیت اہم قصبات میں خصوصی داخلہ سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر داخلوں سے متعلق معلومات اور رہنمائی، کیریئر کونسلنگ اور آن لائن اپلائی کرنے سے متعلق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں