سماجی تنظیم فلاح و بہبود کے زیر اہتمام شہزادہ عثمان خان عباسی اور صاحبزادہ گزین خان عباسی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی
تقریب کا مقصد نہ صرف عید کی خوشیوں کو باہم بانٹنا تھا بلکہ صاحبزادہں گزین خان عباسی کےعلاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا بھی تھا
احمدپورشرقیہ (نامہ نگار)ڈیرہ نواب صاحب میں سماجی تنظیم فلاح و بہبود کے زیر اہتمام ایک پروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی و سابق ایم پی اے شہزادہ میاں عثمان خان عباسی اور ایم پی اے صاحبزادہ گزین خان عباسی کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا مقصد نہ صرف عید کی خوشیوں کو باہم بانٹنا تھا بلکہ ایم پی اے صاحبزادہ میاں گزین خان عباسی کی علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا بھی تھا۔
اس موقع پر مقررین نے مہمانانِ خصوصی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں فیض الحسن، سردار غلام قادر کھمبڑا، ڈاکٹر مہر مقصود احمد، محمد عدنان شاہ اور راؤ محمد امین نے صاحبزادہ گزین خان عباسی کی بہ طور ایم پی اے عوامی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر پکی پل احمد پور شرقیہ سے بستی ماشکیاں، ڈیرہ نواب صاحب تک تعمیر ہونے والی معیاری کارپٹ روڈ کو اہم رفاعی خدمت قرار دیتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور اس منصوبے کو علاقائی ترقی کے لیے نہایت سنگ میل قرار دیا۔
یاد رہے کہ ماضی میں تنظیم فلاح وبہبود کے ایک رکن ممتاز خان کی تجویز پر گرلز ہائی اسکول ڈیرہ نواب صاحب کو ہائیر سیکنڈری اسکول کا درجہ دلوانے میں بھی صاحبزادہ گزین خان عباسی نے کلیدی کردار ادا کیا، جو علاقے کی تعلیمی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ تقریب کے شرکاء میں عمران عطاری، ریاض خان بلوچ،مہر محمد عیسیٰ، حسنین مختیار سومرو، محمود سعیدی سمیت دیگر معززین کی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ نے ڈیرہ نواب صاحب کو درپیش دیگر مسائل بھی ایم پی اے صاحبزادہ گزین خان عباسی کے سامنے رکھے، جس پر انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے باہمی اتحاد، ترقی اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

