اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ممکن کر ویلفیئر آرگنائزیشن کے مابین 30طلباء وطالبات کے لیے 2ملین روپے کے سکالرشپس کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ممکن کر ویلفیئر آرگنائزیشن کے مابین 30طلباء وطالبات کے لیے 2ملین روپے کے سکالرشپس کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ڈائریکٹوریٹ آف فنڈ ریزنگ اینڈ یونیورسٹی انہانسمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ہونے والے معاہدے کی تقریب میں پرو چانسلر و صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز بھی موجود تھے۔ معاہدے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ممکن کر ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔ ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ ڈاکٹر آصف علی رانجھا نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت طلباء کو سکالر شپس کی فراہمی کے علاوہ ہاسٹلز کی فیس کی ادائیگی کے لیے رقم بھی فراہم کی جائے گی۔ اس ادارے کی جانب سے مرکزی آڈیٹوریم اور مین گیٹ کے لیے سیکورٹی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ فاطمہ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ طلباء طالبات کو بلاسود قرض فراہم کیے جائیں گے اور لائبریری کے لیے کتب بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر خوشی ویلفیئر سکیم کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے لیے 5لاکھ مالیت کا سکالرشپ چیک بھی فراہم کیا گیا۔