نواب صلاح الدین عباسی ایک عہد ساز شخصیت

Amir of Bahawalpur Nawab Salahuddin Abbasi
امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی

امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی آج اپنی 78 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

نواب صلاح الدین عباسی کی زندگی ان گنت کامیابیوں اور بے شمار چیلنجز سے عبارت ہے

تحریر: احسان احمد سحر

امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی آج 29 جولائی 2024ء کو 78برس کے ہو گئے- آپ نے 29 جولائی 1946ھ کو سابق ریاست بہاولپور کے ولی عہد نواب محمد عباس خان عباسی مرحوم و مغفور کے گھر آنکھ کھولی اور اپنے دادا خلد آشیانی نواب سر صادق محمد خان عباسی امیر بہاولپور کے جانشین اپنے والد نواب محمد عباس خان عباسی کے بعد دوسرے جانشین قرار پائے- نواب صلاح الدین عباسی نے ایچیسن کالج لاہور اور برطانیہ سے اعلی تعلیم حاصل کی- 1975 میں سماجی تنظیم پاکستان سوشل ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ٹی بی ایسوسی ایشن کو فعال کیا- پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 1977 میں بہاولپور میں کل پاکستان سوشل ویلفیئر کانفرنس کا نفرنس منعقد کی جس میں سابق صدر جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے

نواب صلاح الدین عباسی نے 1975 میں صادق گڑھ پیلس ڈیرہ نواب صاحب میں ٹی بی ایسوسی ایشن کی صوبائی کانفرنس کا انعقاد کیا  جس کا افتتاح ان کے والد گرامی  سابق گورنر پنجاب نواب محمد عباس خان عباسی مرحوم امیر بہاولپور نے کیا تھا -نواب صلاح الدین عباسی نے انجمن اشاعت سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سرپرست اعلی کے طور پر 1980 اور 1990 کے عشروں میں بہاولپور ڈویژن کے مختلف مقامات پر سیرت کانفرنسز کا انعقاد کرایا نیز ضلع بہاولپور اور ضلع رحیم یار خان میں آپ باقاعدگی سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم  کے جلوسوں کی ہر سال قیادت کا فریضہ انجام دیتے رہے- نواب صلاح الدین عباسی صادق پبلک اسکول بہاولپور کے بورڈ آف گورنرز اور اسلامیہ یونیورسٹی کی چانسلرز کمیٹی کے رکن بھی رہے

کور کمانڈر بہاولپور امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کا نور محل میں بطور مہمان خصوصی تقریب میں آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے

نواب صلاح الدین عباسی نے 1977 کے عام انتخابات میں بہاولپور شہر کی قومی نشست 1988، 1991، 1993 اور 1997کے عام انتخابات میں احمد پور شرقیہ کی قومی نشست سے ایم این اے منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا -نواب صلاح الدین عباسی  نے1999ء میں عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی مگر انہوں نے کنگ میکر کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا انہوں نے یزمان کی قومی نشست پر چوہدری سعود مجید کی بھرپور حمایت کی جس کے نتیجے میں چوہدری پرویز الہی یہ انتخابی معرکہ ہار گئے -امیر بہاول پور نواب صلاح الدین عباسی نے میاں سجاد حسین پیرزادہ کو شیخ واہن  میں منعقدہ ضلع کونسل اراکین کے  اجلاس میں چیئرمین شپ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا جو  گردیزی گروپ کے  مقابلہ  میں  یہ انتخاب جیت گئے 

ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی کی شادی کے موقع پر ان کی اپنے والد گرامی نواب صلاح الدین عباسی کے ساتھ یادگار تصویر

نواب صلاح الدین عباسی نے 1998ءکے بلدیاتی انتخابات میں سیاست میں نو وارد مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کو چیئرمین ضلع کونسل بہاولپور کے عہدے پر بلا مقابلہ کامیاب کرایا اسی طرح انہوں نے ملک ر شید احمد بوبک مرحوم کی بلدیہ احمد پور شرقیہ کی چیئرمین شپ کے عہدے پر بلا مقابلہ کامیابی کےلیے راہ ہموار کی – 2002ء کے عام انتخابات میں نواب صلاح الدین عباسی نے احمد پور شرقیہ کی قومی نشست پر مخدوم سید علی حسن گیلانی اور بہاولپور شہر کی قومی نشست پر فاروق اعظم ملک کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جس کے نتیجے میں دونوں ایم این اے منتخب ہو گئے -2008 ءکے انتخابی معرکے میں نواب صلاح الدین عباسی نے عارف عزیز شیخ کو میدان میں اتارا چنانچہ انہوں نے احمد پور شہر کی قومی نشست سے ایم این اے منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا-

امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کی بچپن کی خوبصورت تصویر

نواب صلاح الدین عباسی نے 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں یز مان کی قومی نشست پر چوہدری طارق بشیر چیمہ کی بھر پور حمایت کی چنانچہ این اے یزمان کی قومی نشست میں شامل چولستان کی یونین کونسلز سے انہیں بھاری تعداد میں ووٹ ملے جنہوں نے ان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا چوہدری طارق بشیر چیمہ نواب صلاح الدین عباسی کی حمایت کا متعدد جلسوں اور پریس کانفرنسوں میں بر ملا اعتر اف بھی کر چکے ہیں

امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کا بحیثیت چیئرمین بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایک انداز

نواب صلاح الدین عباسی کا خاندان چار افراد پر مشتمل ہے جن میں ان کی اہلیہ محترمہ کے علاوہ ایک صاحبزادے ولیعہد پر نس بہاول عباس خان عباسی اور صاحبزادی شامل ہیں -نواب صلاح الدین عباسی اپنے صاحبزادے پرنس بہاول عباس خان عباسی اور صاحبزادی کی شادیوں کے فریضہ سے بھی سبکدوش ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے اپنی اہلیہ محترمہ کے ہمراہ فریضہ حج کی سعادت بھی حاصل کر رکھی ہے- اب تک انہوں نے زندگی کے 78 بہاریں دیکھی ہیں – آج ان کی سالگرہ کا دن ہے – اس پر مسرت موقع پر ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی اور انکے خاندان کو بہترین صحت نعمتوں خوشیوں اور کامیابیوں کے ساتھ نوازے آمین