Contact Us

آئی پی پیز کی 80 فیصد کمپنیاں پاکستان کے لوگوں کی ہیں، تمام حکومتوں نے ان کمپنیوں کی سہولت کاری کی، اب آئی پی پیز کا دھندہ نہیں چلے گا۔: حافظ نعیم الرحمان

Thursday most important day:Hafiz NaeemurRehman


اسلام آباد:  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کی 80 فیصد کمپنیاں پاکستان کے لوگوں کی ہیں، تمام حکومتوں نے ان کمپنیوں کی سہولت کاری کی، اب آئی پی پیز کا دھندہ نہیں چلے گا۔  دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چھاپوں، گرفتاریوں کے باوجود کارکنان اسلام آباد پہنچے، ہم تھکے نہیں اسی جذبے کے ساتھ موجود رہیں گے، اگر میں کہوں ڈی چوک چلنا ہے تو کیا تیار ہیں؟۔  امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ایک بھائی نے بجلی بل کی وجہ سے بھائی کو قتل کر دیا، لوگ بجلی بلوں کو جمع کرانے کے لیے گھریلو اشیا بیچنے پر مجبور ہیں، لوگوں کے کرائے کم اور بجلی کے بل زیادہ ہو گئے ہیں۔  حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پریشان ہیں، حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، آئی پی پیز کو لگام ڈالنا پڑے گی، بند پلانٹس کے پیسے عوام کیوں ادا کریں، سرمایہ کار بھی اپنی ملز بند کرنے پر مجبور ہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگاؤ، عوام کے بلوں سے ٹیکس ہٹاؤ، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو ختم کرو۔  انہوں نے کہا کہ حکومت جھوٹ بولتی ہے کہ آئی پی پیز سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، کون سی مجبوریاں ہیں جو آئی پی پیزسے بات چیت نہیں ہو سکتی، حکومت میں شامل افراد کی بھی بجلی کمپنیاں ہیں  حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں ہے، یہ فارم 47 والی حکومت عوام دشمن فیصلے کر رہی ہے، حکومت نے اپنی مراعات میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے، بہت تماشا ہوگیا ان کو اپنی مراعات چھوڑنا پڑیں گی۔  امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے، پاکستان کے پڑھے لکھے لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، مفت اور معیاری تعلیم پاکستان کے عوام کا حق ہے۔  اس موقع پر مظاہرین نے ’’حق دوعوام کو بدلو اس نظام کو‘‘ کی نعرے بازی کی، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اب یہ نہیں چلے گا تمہیں عوام کو حق دینا ہوگا، یہ دھرنا ہم عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں، اب پانی سر سے بہت اونچا ہوگیا ہے، جماعت اسلامی 25 کروڑ لوگوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ دوبارہ الیکشن کی باتیں ہو رہی ہیں، دوبارہ الیکشن کرانے کا مطلب دوبارہ پھر دھندا ہوگا، دوبارہ الیکشن کے غیرضروری دھندے کا مطلب یہ ملے ہوئے ہیں، پاکستان کو دوبارہ الیکشن کی ضرورت نہیں، فارم 45 کے تحت حکومت بنائی جائے، دوبارہ الیکشن کی بات کرنے والا اپنی پارٹی اور ملک سے وفادار نہیں ہو سکتا، الیکشن دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔  حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے لیے کچھ دیر بعد کمیٹی کا اعلان ہوگا، کمیٹی ہی حکومت سے مذاکرات کرے گی، اگر حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی تو ہم بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک حکومت کسی نتیجے تک نہیں پہنچے گی دھرنا جاری رہے گا۔  امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت ہمارے تمام کارکنان کو فوری رہا کرے، اگر ہمارے کارکنان رہا ہوئے تو ہم سمجھیں گے حکومت سنجیدہ ہے

مزید پڑھیں