منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا: عثمان بزدار
منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا،کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے:عثمان بزدار
لاہور 17 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی اور سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔3 برس کے دوران کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کی نئی مثال قائم کی ہے اور اب کوئی قومی وسائل میں خیانت کی جرأت نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ا دوارمیں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔منصوبوں میں کک بیکس اورکمیشن کھائے گئے۔ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر روزکرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔ قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھولی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں کرپٹ افراد کو نکیل ڈالی گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی دیانتدار قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے۔