اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو، چیئر مین سینیٹ کا پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو سے متعلق چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ان کے انکشاف سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی، سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں،ان کو کوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی۔تمام سینیٹرز بلا تفریق قابل احترام اور خاندان کے مانند ہیں، سواتی میرے خاندان کے ممبر کی طرح ہیں، جو بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بطورِ مسلمان و بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں، اعظم سواتی ایوان کے باعزت ممبر ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، پی ٹی آئی سینیٹر خود اور اہلیہ تہجد گزار ہیں، ان کی اہلیہ ماں کا درجہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹراعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں، ان کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں، سینیٹراعظم سواتی کی ازدوجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہونگے، کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لیکر رپورٹ مرتب کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کرکہ ایوان میں پیش کرے گی۔