لاہور۔7اگست ():وزیر اعظم کےنمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں ، تمام الہامی کتب و انبیا کا تقدس سب پر فرض ہے ، مذہبی کتب کی گستاخی کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، مذہبی شرپسندی پھیلانے والوں کے خلاف دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز سینٹ اینتھونی چرچ ریگل چوک لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام الہامی کتب اور انبیا کا تقدس سب پر فرض ہے ،گستاخی کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،سب سے پہلے پاکستان ہے، ملک کے خلاف کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک پلان کے تحت سویڈن میں قرآن کریم کو نذر آتش کیا گیا، انجیل کو جلانے کی کوشش کی گئی جو قابل مذمت ہے،مذہبی شرپسندی پھیلانے والوں کے خلاف دنیا کو ایکشن لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام آسمانی مذاہب و انبیا و رسول کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے،پوپ فرانسس اور عالمی قیادت کا شکریہ اداکرتا ہوں کہ انہوں نے قرآن پاک جلانے پر مذمت کی ہے،اوآئی سی نے بھی تمام آسمانی مذاہب کتب کی توہین کے خلاف قرارداد منظور کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین نے تمام اقلیتوں کو ان کا حق دیا ہے، پاکستان میں غیر مسلموں کےحقوق کسی مسلمان سے کم نہیں ہیں،مسیحی برادری نے صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ کی مذمت کرتے ہیں،کوئی مذہب قتل کی اجازت نہیں دیتا، قرآن میں واضح لکھا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی جشن آزادی قومی جوش و خروش سے منائیں گے، جو لوگ ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں وہ محب وطن نہیں، کسی بھی ملک کی ترقی اس ملک میں انصاف کی بالادستی کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں یوم پاکستان پر کانفرنسیں منعقد کریں گے،ہمارے لئے ملک و سلامتی اہم ہے۔اس موقع پر چیئرمین کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ آتش بشپ سبسٹین فرانسس شا نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی گستاخی کی مذمت کرتے ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ دشمن عناصر کا مل کر خاتمہ کریں ، کچھ لوگ مذہبی منافرت پھیلا کر شر پھیلانا چاہتے ہیں جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے،پاکستان کی سلامتی کیلئے اقلیتیں ایک ہیں۔اس موقع پر علامہ زبیر عابد اور مولانا عاصم مخدوم نے بھی خطاب کیا