پنجاب کے تمام سرکاری سکول 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے
ری اوپننگ سے قبل 100 فیصد فزیکل انسپیکشن کا فیصلہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کےجاری کردہ مراسلے کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکول 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔سکولوں کی ری اوپننگ سے قبل تمام سرکاری سکولوں کا 100 فیصد فزیکل انسپیکشن کیا جائے گا۔
انسپیکشن کے دوران سکولوں میں صفائی ستھرائی، فرنیچر، بجلی کی فراہمی، پنکھوں اور لائٹس کی دستیابی و فعالیت، پینے کے صاف پانی، واش رومز، سیکیورٹی اور CCTV کیمروں سمیت ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کا خصوصی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی سرکاری سکول فزیکل انسپیکشن سے محروم نہ رہے، جبکہ انسپیکشن کے دوران سامنے آنے والی خامیوں اور مسائل کو سکولوں کی دوبارہ افتتاحی سرگرمیوں سے قبل فوری طور پر دور کروایا جائے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سکول سربراہان اور سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکولوں کی ری اوپننگ کے لیے تمام ضروری انتظامات اور مکمل تیاری ہر صورت یقینی بنائیں۔

