او آئی سی سمیت تمام مسلم ممالک اسرائیل اور سویڈن کی حکومتوں کا بایکاٹ کریں: حسن عسکری شیخ، مہر محمد صدیق
چنی گوٹھ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کبھی توہین رسالت تو کبھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے انتہائی افسوس ناک واقعات کا رونما ہونا اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی غیرت ایمانی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ایسے افسوس ناک اور شرمناک ترین توہین مذہب کے واقعات کی روک تھام کیلئے آج تک اقوام متحدہ نہ تو کچھ کر سکا اور نہ ہی مسلمانوں کی تنظیم او آئی سی کوئی عملی کردار ادا کرسکی؟سویڈن میں ہونے والے قرآن پاک کی بے حرمتی کے المناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ بہت کم ہے اس المناک بے حرمتی قرآن کریم کے واقعہ نے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے دل چھلنی کردیے،فریڈم آف سپیچ کے نام پر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جاتا ہے۔یہ پہلا واقعہ نہیں صرف سویڈن میں جنوری میں پہلے بھی ایسا واقعہ ہو چکا ہے، آزادی اظہار کی بھی حدود و قیود ہوتی ہیں یہ امت مسلمہ کی غیرت ایمانی پر ڈرون حملہ ہے۔اسرائیل اور سویڈن کی حکومتوں کا او آئی سی سمیت تمام مسلم ممالک مکمل بائی کاٹ کریں۔