پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر گندم کی کاشت کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں کمشنرعرفان علی کاٹھیا
سرکاری زمینوں پر بھی گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فارمر میٹنگز، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع\ ابلاغ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے کمشنر کی ہدایت
بہاول پور:کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی، غذائی خودکفالت اور گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے زیادہ گندم اگاؤ مہم کو مؤثر بنانے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کے حصول، کاشتکاروں کی رہنمائی اور سرکاری زمینوں پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ اور ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سید محمد عباس شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولپور ڈویژن محمد جمیل غوری، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہد حسن کلیانی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ضلع بہاولپور محمد شفیق، چیٔرمین کسان بورڈ اور ضلع بھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت بھی موجود تھے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گندم کی کاشت کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری زمینوں پر بھی گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فارمر میٹنگز، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کی اہمیت، بہتر پیداواری طریقوں اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا جا سکے اور انہیں زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے کے لیے راغب کیا جا سکے
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور دستیابی کو یقینی بنانا بھی گندم کی بہتر پیداوار کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ پانی چوری کی اطلاع انتظامیہ کو دیں ، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے اور غذائی خودکفالت کے حصول کے لیے ناگزیر ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے کاشتکاروں کی رہنمائی، مقررہ اہداف کے حصول اور مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف 27 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔

