محرم الحرم کے لیے امن کو برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے کمشنر نادر چٹھہ
ڈویژن بھر میں محرم کے 514 جلوسوں کیلئے پولیس کے 7080اہلکارسیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ بہاول پور ڈویژن میں 1409مجالس ہوں گی
کمشنر نادر چٹھہ کی زیرصدارت عاشورہ محرم سے متعلق اعلی سطحی اجلاس ممبر قومی اسمبلی میاں عثمان نجیب اویسی سمیت ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور رائے بابر حسین، اور متعلقہ افسران شریک ہوئے
بہاول پور: 4/ جولائی :کمشنر بہاول پور نادر چٹھہ کی زیرصدارت عاشورہ محرم سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی میاں عثمان نجیب اویسی سمیت ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور رائے بابر حسین، بہاول پور، رحیم یارخاں اور بہاول نگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ محرم الحرم کے لیے امن کو برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں محرم کے 514 جلوسوں کے پولیس کے 7080اہلکارسیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔کمشنر نادر چٹھہ نے مزید بتایا کہ بہاول پور ڈویژن میں 1409مجالس ہوں گی جس کے لیے پولیس کے4033 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ امن کمیٹیوں کا کرداربے حد اہمیت کا حامل ہے اور ڈویژن بھر میں امن کمیٹی کے ممبران کے تعاون سے اخوت بھائی چارے اور رواداری کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر نے اجلاس میں کہاکہ ضابطہ اخلاق پر پابندی کو یقینی بنایا جائے گا اور اشتعال انگیزی اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ آر پی او نے کہا کہ امن کا پیغام کو عام کرنا اور تمام مکاتب فکر کے مابین مثالی ربط خطہ بہاول پور کی پہچان ہے۔ ممبر قومی اسمبلی میاں عثمان نجیب اویسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور امن کی روایات کا پاسبان اور امین ہے۔انھوں نے کہا کہ منتخب نمائندے امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اجلاس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر سید شفیق احمد، مفتی شیخ عبداللطیف، زونل خطیب، اوقاف بہاول پور،ملک اللہ بخش کلیار،احسان اللہ راحت، صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ راؤ خرم سلیم، مولانا عبدالرزاق شائق، محمد عمر فاروق،مولانا اقبال احمد نقشبندی،سید مدثر عباس،مولانا محمد احمد، عبدالعلیم،الشیخ عبداللطیف، سیدمجیب علی گیلانی،سید حسنین عسکری سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے امن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔