اے یو جے نے تین ماہ قبل سعید خاور کو لائف ٹائم ممبر شپ دینے کا اعلان کیا تھا مگر سعید خاور کی کراچی میں مصروفیات اور ڈیرہ نواب صاحب آمد میں تاخیر پر پروگرام کا جلد انعقاد نہ ہو سکا ،سعید خاور کو اے یوجے کی لائف ٹائم ممبرشپ دینا ہم سب کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب
سعید خاور سے 80کے عشرے سے آشنا ہوں جب وہ طالب علم لیڈر کے طور پر سیاسی افق پر ابھرے انہوں نے اپنی ذاتی شبانہ روز جدوجہد سے صحا فتی دنیا میں مقام پیدا کیا آج اس دھرتی کے بیٹے کو اے یوجے کی لائف ٹائم ممبرشپ دینے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں ،احسان احمد سحر کا صدارتی خطاب
احمد پور یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے لائف ٹائم ممبرشپ دینے پر احسان احمد سحر، ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب سمیت تمام عہدے داروں واراکین کا سپاس گزار ہوں احسان احمد سحر میرے منٹور ہیں ، زمانہ طالب علمی میں احسان احمد سحر کے علاوہ قدوس انصاری،مرزا منصور یاور ،بشیر انصاری ،بشیر راہی اور جاوید آفتاب نے مجھے بھر پور کوریج دی ،سعید خاور ایڈیٹر 92 میڈیا گروپ کراچی کا بطور مہمان خصوصی تقریب میں اظہار خیال
احمد پور یونین آف جرنلسٹس کی سادہ پروقار تقریب میں سرپرست سید سرفراز حسین زیدی اور چیف کوارڈینیٹر محمد سلیمان فاروقی نے مہمان خصوصی سعید خاور کو اے یو جے کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ دیا جبکہ سرپرست اعلی احسان احمد سحر نے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب کے ہمراہ سعید خاور کو تالیوں کی گونج میں اے یو جے کی لائف ٹائم ممبرشپ کا سرٹیفکیٹ پیش کیا
احمد پور شرقیہ (سٹاف رپورٹر ) احمد پور یونین آف جرنلسٹس احمد پور شرقیہ کے زیر اہتمام سادہ پروقار تقریب میں ایڈیٹر 92 میڈیا گروپ کراچی سعید خاور کو ان کی 35 سالہ شاندار صحا فتی خدمات کے اعتراف میں احمد پور یونین آف جرنلسٹس کی لائف ممبرشپ پیش کی گئی
احمد پور یونین اف جرنلسٹس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد الصحت سینٹر چوک عباسیہ پر کیا گیا جس میں اے یو جے کے اراکین اور عہدے داروں نے شرکت کی -تقریب کی صدارت سرپرست اعلی اے یو جے احسان احمد سحر مدیر روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ نے کی جبکہ ایڈیٹر 92 میڈیا گروپ کراچی سعید خاور مہمان خصوصی تھے -نظامت کے فرائض صدر اے یو جے ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب نے انجام دیے حمید اللہ عزیز نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ سینیئر صحافی شبیر قریشی نے ہدیہ نعت پیش کیا
احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اے یوجے نے تین ماہ قبل ایڈیٹر 92 میڈیا گروپ کراچی سعید خاور کو احمد پور یونین آف جرنلسٹس کی لائف ٹائم ممبرشپ دینے کا فیصلہ کیا تھا مگر ان کی احمد پور شرقیہ آمد میں تاخیر پر انتہائی شارٹ نوٹس پر آج یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ سعید خاور کے ساتھ میرا دیرینہ تعلق ہے- ہم دونوں ماضی میں نوائے وقت سے منسلک رہے – انہوں نے کہا کہ اے یو جے کی جانب سے سعید خاور کی لائف ٹائم ممبرشپ ہم سب کے لیے بڑا اعزاز ہے-
تقریب میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے سرپرست اعلی احسان احمد سحر مدیر روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ نے کہا کہ وہ سعید خاور سے 1980 کے عشرے سے آشنا ہیں جب وہ مقامی ڈیرہ نواب کالج کی سٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہوئے اور سیاسی افق پر ابھرے-انہوں نے سعید خاور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شبانہ روز محنت اور خداداد صلاحیتوں سے صحافتی دنیا میں اپنا مقام بنایا -انہوں نے کراچی میں کئی برس تک روزنامہ نوائے وقت کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر کے طور پر فرائض انجام دیے اور اب وہ پاکستان کے ایک مشہور 92 میڈیا گروپ کراچی کے ایڈیٹر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں- احسان احمد سحر نے کہا کہ احمد پور شرقیہ کی سرزمین ہمیشہ مردم خیز رہی ہے اس علاقے کی شخصیات نے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے جن میں سیاست علم و ادب فن اور صحافت کے شعبے قابل ذکر ہیں
اے یو جے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر 92 نیوز کراچی سعید خاور نے کہا کہ احمد پور یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ان کے لیے جن جذبات و احساسات کا اظہار کیا گیا ہے وہ اس پر ان کے سپاس گزار ہیں -انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ انہوں نے کس طرح زمانہ طالب علمی سے لے کر قومی اخبار کے ایڈیٹر بننےکا طویل سفر طے کیا -انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی میں اپنی اقامت گاہ پر اپنے والد مرحوم حمید اللہ خان کے نام سے منسوب ایک لائبریری قائم کی ہے جس میں پانچ ہزار کتب موجود ہیں جبکہ ایک مووی روم بھی قائم کیا گیا ہے -سعید خاور نے کہا کہ کراچی میں انہوں نے جدوجہدکر کے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے تایا کے خاندان کو حکومت سندھ سے سرکاری رہائش گاہ الاٹ کر اکےدی
ایڈیٹر 92 نیوز میڈیا گروپ کراچی سعید خاور نے اپنے تقریر میں اپنی صحافتی کامیابیوں کا مختصر احاطہ کرتے ہوئے مدیر روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ احسان احمد سحر کے علاوہ شہر احمد پور شرقیہ کے مرحوم صحافیوں مرزا منصور یاور ,قدوس انصاری, بشیر انصاری, بشیر راہی اور جاوید آفتاب کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے زمانہ طالب علمی میں ان کو کوریج دی جس کے نتیجے میں وہ ریجن بھر میں متعارف ہوئے – انہوں نے کہا کہ سرپرست اعلی اے یو جے احسان احمد سحر ان کے منٹور ہیں اور وہ ہمیشہ ان کی اس سپورٹ کے معترف ہیں جو انہوں نے زمانہ طالب علمی میں بحیثیت صحافی انہیں مہیا کی
سعید خاور نے لائف ٹائم ممبرشپ دینے پر احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے سرپرست اعلیٰ احسان احمد سحر اور صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب سمیت دیگر تمام عہدے داروں اور اراکین سے اظہارتشکر کیا -تقریب میں احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے سر پرست سید سر فراز حسین زیدی اور چیف کوارڈینیٹر محمد سلیمان فاروقی نے انہیں گلدستہ پیش کیا جبکہ سر پرست اعلی احمد یونین آف جرنلسٹس احسان احمد سحر نے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب کے ہمراہ سعید خاور کو تالیوں کی گونج میں اے یو جے کی لائف ممبرشپ پیش کی-