احمدپورشرقیہ کو ضلع کا درجہ—ایک تاریخی، انتظامی اور عوامی مطالبہ
اداریہ —- 7 جون 2026
احمدپورشرقیہ صوبہ پنجاب کی ایک انتہائی اہم، وسیع اور آبادی کے لحاظ سے بڑی تحصیل/سب ڈویژن ہے، جو نہ صرف رقبے اور آبادی کے اعتبار سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے بلکہ تاریخی طور پر بھی اس خطے کی بڑی اہمیت رہی ہے۔ یہ خطہ سابق ریاست بہاولپور کے عباسی حکمرانوں کی انتظامی اور سماجی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا رہا ہے، جہاں سے ریاستی نظامِ حکومت کے کئی اہم فیصلے اور انتظامی روابط منسلک رہے۔
آج بھی احمدپورشرقیہ اپنی جغرافیائی وسعت، زرعی معیشت، آبادی کے دباؤ اور انتظامی تقاضوں کے باعث ایک مکمل ضلع بننے کی تمام اہلیت رکھتا ہے۔ عوامی سطح پر یہ مطالبہ عرصہ دراز سے زیرِ بحث ہے کہ اسے ضلع کا درجہ دیا جائے تاکہ انتظامی سہولیات بہتر ہوں، عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ ہو سکے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ عام انتخابات 2024 کی انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے احمدپورشرقیہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس تحصیل کو ضلع کا درجہ دینے کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم تاحال یہ انتخابی وعدہ عملی صورت اختیار نہیں کر سکا، جس پر عوامی سطح پر تشویش اور توقعات دونوں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ کسی بھی تحصیل یا علاقے کو ضلع کا درجہ دینا آئینی و انتظامی طور پر وزیراعلیٰ پنجاب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ اس تناظر میں ضروری ہے کہ موجودہ حکومت پنجاب، جس کی قیادت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کر رہی ہیں، اس دیرینہ عوامی مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے اور اس پر عملی پیش رفت یقینی بنائے۔
اس سے قبل بھی مختلف ادوار میں، خصوصاً پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران، اُس وقت کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں کئی نئی تحصیلوں کو اضلاع کا درجہ دیا گیا تھا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ انتظامی اصلاحات کے تحت نئے اضلاع کا قیام ایک قابلِ عمل اور روایتی حکومتی اقدام رہا ہے۔
لہٰذا روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو ان کے انتخابی وعدے کی یاددہانی کراتے ہوئے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کرتا ہے کہ احمدپورشرقیہ کو اس کے جائز، تاریخی اور انتظامی حق کے مطابق فوری طور پر ضلع کا درجہ دیا جائے۔
یہ فیصلہ نہ صرف انتظامی بہتری کا باعث بنے گا بلکہ لاکھوں شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور خطے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا

