Advertisements

احمد پور شرقیہ کے فخرشوکت علی گھلّو اور محمد اسحاق گجر کی شاندار خدمات کا اعتراف

Advertisements

اداریہ – 7 اکتوبر 2025


احمد پور شرقیہ کے معروف کھلاڑی اور کوچ شوکت علی گھلّو کا پاکستان کراٹے ٹیم کے کوچ کے طور پر انتخاب ہونا احمد پور شرقیہ اور جنوبی پنجاب کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ ان کے ساتھ لاہور کی قرت العین کو بھی کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی اسلامی یکجہتی گیمز میں شریک ہوں گی۔

Advertisements

یہ کامیابی دراصل اس ادارے کی مسلسل محنت اور تربیتی معیار کا ثبوت ہے جس کی بنیاد 1989 میں محمد اسحاق گجر نے رکھی تھی۔ وہ نہ صرف مار لوز کراٹے کلب احمد پور شرقیہ کے بانی اور چیف کوچ ہیں بلکہ 1992 اور 1993 کے پاکستان نیشنل گیمز میں گولڈ میڈلسٹ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی مہارت، نظم و ضبط اور لگن سے احمد پور شرقیہ میں مارشل آرٹس کو فروغ دیا اور درجنوں نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح تک پہنچایا۔

محمد اسحاق گجر نے نوائے احمد پور شرقیہ سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس وقت مار لوز کراٹے سنٹر میں 36 خواتین اور بچیاں باقاعدہ کراٹے کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ یہ بات اس امر کا ثبوت ہے کہ احمد پور شرقیہ میں خواتین بھی خوداعتمادی اور جسمانی تربیت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، جو ایک مثبت اور خوش آئند رجحان ہے۔

گورنمنٹ ایم سی ہائی اسکول احمد پور شرقیہ میں منعقدہ تقریب میں سابق رکن پنجاب اسمبلی قاضی عدنان فرید اور چیف ایڈیٹر روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ احسان احمد سحر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ احسان احمد سحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مار لوز کراٹے کلب اور روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ دونوں کا آغاز 1989 میں ہوا، اور آج یہ دونوں ادارے اپنی اپنی فیلڈ میں احمد پور شرقیہ کے وقار میں اضافہ کر رہے ہیں — ایک کھیلوں میں اور دوسرا صحافت میں۔

ادارہ نوائے احمد پور شرقیہ کے نزدیک شوکت علی گھلّو کی یہ تقرری نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ احمد پور شرقیہ کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے کہ اگر عزم، تربیت اور محنت کو شعار بنایا جائے تو چھوٹے شہروں کے کھلاڑی بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

ادارہ نوائے احمد پور شرقیہ شوکت علی گھلّو کو پاکستان کراٹے ٹیم کے کوچ منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہے اور محمد اسحاق گجر کو ان کی طویل خدمات، تربیتی کردار اور خواتین کو مارشل آرٹس کی تربیت دینے کے قابلِ فخر اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور احمد پور شرقیہ کے نوجوانوں کے لیے باعثِ افتخار بنائے۔