Advertisements

احمدپورشرقیہ فلائی اوور: شہری سہولت اور ترقی کی نئی علامت

Advertisements


احمدپورشرقیہ کے عوام کے لیے یہ ایک خوش آئند خبر ہے کہ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر ریلوے لائن کے اوپر تعمیر ہونے والا اوور ہیڈ برج مکمل ہو چکا ہے اور صرف افتتاح کا منتظر ہے۔ یہ منصوبہ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور مقامی معیشت کے فروغ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس میگا منصوبے کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ محمد گزین عباسی کی کوششوں، عوامی لگن اور مسلسل پیروی کا نتیجہ ہے۔ یہ منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ سے مکمل ہوا، جو کہ پہلے پاکستان تحریکِ انصاف کے دورِ حکومت میں منظور ہوا، جب صاحبزادہ محمد گزین عباسی تحریکِ انصاف کے ایم پی اے تھے۔ موجودہ دورِ حکومت میں، جب وہ آزاد حیثیت سے منتخب ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے، اسی منصوبے کو مکمل کیا گیا۔ یوں یہ منصوبہ سیاسی ہم آہنگی اور تسلسل کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔

Advertisements

ریلوے "مین لائن نمبر 1  پر موجود پھاٹک کی بندش ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے، جہاں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور پیدل چلنے والوں کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ یہ ٹریک پاکستان ریلوے کی مرکزی لائن  کا حصہ ہے، جو کراچی تا پشاور ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس بندش کی وجہ سے نہ صرف عوام کو روزمرہ سفری پریشانی کا سامنا تھا، بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں اور دیگر ضروری معاملات میں بھی شدید مشکلات پیش آتی تھیں۔ اب جبکہ یہ اوور ہیڈ برج مکمل ہو چکا ہے، یہ شہر کی نقل و حمل، کاروبار، اور روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گا۔

شہریوں نے اس منصوبے کو احمدپورشرقیہ کی ترقی کا انقلابی قدم قرار دیا ہے۔ صاحبزادہ محمد گزین عباسی نے بھی اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ منصوبہ ان کا خواب تھا، جسے حقیقت میں بدلنے پر وہ حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اوچ شریف روڈ پر ریلوے لائن کے نیچے انڈر برج کی تعمیر کے لیے بھی جلد منظوری حاصل کی جائے گی۔ اگر یہ منصوبہ بھی مکمل ہو جاتا ہے، تو احمدپورشرقیہ میں ریلوے کراسنگز کی بندش کا مسئلہ بڑی حد تک ختم ہو جائے گا۔

ہم اس ترقیاتی منصوبے پر صاحبزادہ محمد گزین عباسی کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی مفاد کے منصوبوں میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔ یہ منصوبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب عزم، قیادت اور حکومتی تعاون یکجا ہو جائیں، تو خواب حقیقت بن جاتے ہیں