پی ٹی آئی حکومت کے غیر سنجیدہ اورکسان دشمن اقدامات سے زراعت کا شعبہ تباہی سے دوچارہے، مخدوم سید علی حسن گیلانی

اوچ شریف (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی بہاول پور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری وسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید علی حسن گیلانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے غیرسنجیدہ اورکسان دشمن اقدامات سے زراعت کا شعبہ تباہی سے دوچارہے، حکومتی نااہلی کے باعث چھوٹے کاشت کار کھاد کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں اور عمران خا ن کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں کر رہے ہیں، وہ موضع اوچ بخاری کی بستی مڑل میں ملک مختیار مڑل کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت میں ملز مالکان اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے بیٹھے ہیں جو غریب کسانوں کے مفاد کی بجائے اپنے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ حکومت زراعت دشمنی ترک کر کے حقیقی معنوں میں زراعت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے، سید علی حسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہے اور کسانو ں اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے کر کلین سویپ کرے گا جبکہ پی ٹی آئی کا انجام خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے انجام سے بھی بدتر ہو گا۔ اجتماع میں ملک حمید پہلوان، ملک محمد اکبر، ملک چن مڑل، ملک افضل مڑل،مخدوم سید ہاشم جمالی، ملک فیاض ڈوڈی،نذر پہلوان، مسو خان اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر ملک صدام حسین مڑل نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ویلیج کونسل اوچ بخاری میں کونسلر کی نشست پر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا جب کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی نے مڑل برادری کے سربراہ ملک مختیار مڑل کی دستاربندی کی