Advertisements

افغان دہشتگردی: پاکستان کیلئے بڑھتا خطرہ

Advertisements

اداریہ — 10 دسمبر 2025

یورپی جریدے یوریشیا ریویو نے اپنی حالیہ رپورٹ میں افغانستان میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کو پاکستان اور پورے خطے کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں عسکریت پسند گروہ نہ صرف مضبوط ہو رہے ہیں بلکہ خطے کی سکیورٹی صورتحال کو براہِ راست متاثر کر رہے ہیں۔

Advertisements

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس کو بھی افغانستان سے ابھرنے والے دہشتگرد خطرات کا سامنا ہے، جبکہ انتہاپسند گروہ وسطی ایشیا میں اپنی سرگرمیاں تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔ روسی مؤقف کے مطابق داعش اور دیگر گروہ مسلسل اپنی طاقت بڑھا رہے ہیں اور مزید خطرناک شکل اختیار کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں روسی سفیر واسیلی نیبینزیا نے افغانستان میں داعش خراسان کی سرگرمیوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے انسدادِ دہشتگردی اقدامات ناکافی ہیں۔ ان کے مطابق عسکریت پسند افغانستان میں تناؤ بڑھا رہے ہیں اور خود کو متبادل قوت کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔

اسی طرح روس کے سیکرٹری افغانستان سرگئی شائیگو نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر کے پڑوسی ممالک میں داخلے کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور انہیں بیرونی فنڈنگ بھی حاصل ہے۔

پاکستان مسلسل افغان طالبان رجیم سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔ تاہم طالبان ابھی تک اس حوالے سے کوئی تحریری گارنٹی دینے پر تیار نہیں ہوئے۔ گزشتہ روز چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی واضح کر دیا کہ افغان حکام کو پاکستان یا دہشتگردوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ اور مضبوط حکمتِ عملی اپنائے، ورنہ یہ خطرہ مزید بڑھتا چلا جائے گا۔