ایڈوائزر محتسب پنجاب غازی امان اللہ خان کی یونین کونسل قصبہ ہتھیجی میں کھلی کچہری
عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
احمدپور شرقیہ :31/ اکتوبر :ایڈوائزر محتسب پنجاب غازی امان اللہ خان نے تحصیل احمدپور شرقیہ کی یونین کونسل قصبہ ہتھیجی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انہوں نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔ عوام کی جانب سے محکمہ آبپاشی کی نہروں میں پانی کی شدید قلت، محکمہ ریونیو کی جانب سے سیلاب زدگان کے سروے نہ کیے جانے، بند واٹر فلٹریشن پلانٹ، گورنمنٹ ہائی اسکول ہتھیجی میں کرسیاں اور دیگر فرنیچر کی کمی، ویٹرنری ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی اور انجمن تاجران کی جانب سے مقامی پولیس کی بلاجواز ہراسانی کے معاملات اٹھائے گئے۔
ایڈوائزر محتسب پنجاب نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے نامکمل سیوریج پراجیکٹ کو فوری مکمل کرنے اور یونین کونسل میں پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹس کے اجراء کے عمل کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ مزید برآں انہوں نے بوائز ہائی اسکول احمد پور تپہ میں اساتذہ کی شدید کمی، ریونیو عملے کی جانب سے ونڈہ جات اور مواضعات کے معاملات میں سستی، موضع باقر پور میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے، قبرستان کی چار دیواری کی عدم تعمیر اور پٹوار سرکل میں جعلی انتقالات کے حوالے سے بھی شکایات سنیں اور افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
ایڈوائزر محتسب پنجاب غازی امان اللہ خان نے بعد ازاں بنیادی ہیلتھ یونٹ ہتھیجی کا دورہ بھی کیا اور انچارج ڈاکٹر کو ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر غازی امان اللہ خان نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ عوامی خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔ شہری بلاخوف و خطر صوبائی محکموں کے خلاف اپنی جائز شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب میں شکایات کے ازالے کا دورانیہ کم کر کے 90 دن سے 45 دن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔

