ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کا بہاول پور میوزیم کا دورہ
بہاول پور:16/دسمب : پاکستان کے تاریخی اورجنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے بہاول پور میوزیم کا کردار مثالی ہے۔ بہاول پور میوزیم سمیت سارا خطہ سیاحوں کے لئے انتہائی پر کشش ہے۔ بہاولپور میوزیم کی خوبصورتی اور سر صادق محمد خان میموریل گیلری کی تعمیر کے منصوبے پر7 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں تاکہ یہاں کی اقدار و روایات اور تاریخ و ثقافت کو صدیوں تک لیے دوام حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے گزشتہ روز اپنے دورہ میوزیم کے موقع پر کیا۔ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے انھیں حال ہی میں مکمل ہونے فرنٹ ایلیویشن اور سرصادق میموریل ہال و گیلری کے منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر میوزیم رشید احمد ارشد، کیمسٹ سعدیہ نورین اور آفیسر تعلقات عامہ نادیہ نورین بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی تاریخ اور ثقافت سے مضبوط تعلق استوار رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی جنوبی پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور یہاں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میوزیم اس خطے کی تہذیب و ثقافت، دستکاریوں اور فنون کے لئے اہم کردار ادا کرہا ہے۔قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر سر صادق میموریل ہال و گیلری کا وزٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواب آف بہاول پور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے والا یہ ہال شہر کے قلب میں واقع ہونے کے باعث انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس عمارت کا طرز تعمیر ریاستی عمارات کا بہترین عکس ہے جو سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میوزیم کی خوبصورتی اور گیلریوں کے ڈسپلے کے لیے مزید اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔