Contact Us

بہاول پور چڑیا گھر میں ٹائیگر حملے میں شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر کا وزٹ

ACS South Punjab Captain (r) Saqib Zafar visits Bahawalpur Zoo

ٹائیگر کے پنجرے کے ارد گرد موجود گرل اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا اور ٹائیگر کے پنجرے کی چھت سے بھی حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا

ٹائیگر اور ریچھ کے پنجروں کی سیڑھیوں کو گیٹ لگانے کا کام دو دن میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ  چڑیا گھر کو سوموار تک عام پبلک کے لئے کھول دیا جائے گا, کیوریٹر شیر باغ سید علی عثمان بخاری


بہاول پور:9/دسمبر : بہاول پور چڑیا گھر میں ٹائیگر کے حملے میں شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے شیر باغ چڑیا گھر کا دورہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف و کیوریٹر چڑیا گھر سیدعلی عثمان بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے ٹائیگر کے پنجرے کے ارد گرد موجود گرل اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا اور ٹائیگر کے پنجرے کی چھت سے بھی حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واقعہ کے حوالے سے انتظامیہ سے مختلف سوالات کئے اور رات کی ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی سٹاف بارے بھی معلومات حاصل کیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ٹائیگر کے پنجرے کے باہر سے چھت تک جانے والی اوپن سیڑھیوں کو گیٹ لگانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ٹائیگرز، ریچھ اور دیگر تمام جانوروں کے پنجروں کے چھتوں پر جانیوالی سیڑھیوں کو گیٹ لگائے جائیں اور یہ گیٹ لاک رکھا جائے اور صرف ضرورت کے وقت کھولا جائے۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے چڑیا گھر کے اندر پورے ایریا میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے لگائے کی  ہدایت کی اور کہا کہ چڑیا گھر کی سکیورٹی کو کیمروں کے ذریعے مانیٹرکرنے کے لئے کنٹرول روم قائم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پورے چڑیا گھر کی سکیورٹی کا مکمل آڈٹ کیا جائے اور خامیوں کو دور کیا جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شیر کے حملے میں شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے پر اس کی روشنی میں تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف و کیوریٹر شیر باغ سید علی عثمان بخاری نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چڑیا گھر میں رات کی ڈیوٹی پر تعینات دو سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ نائٹ شفٹ میں سکیورٹی سٹاف کی تعداد پانچ سے بڑھا کر دس کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چڑیا گھر کے اندر سی سی ٹی وی سسٹم لگانے کی ہدایات پر جلد عمل کیا جائے گا جبکہ ٹائیگر اور ریچھ کے پنجروں کی سیڑھیوں کو گیٹ لگانے کا کام دو دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چڑیا گھر کو سوموار تک عام پبلک کے لئے کھول دیا جائے گا

مزید پڑھیں