گراں فر وشوں، ذخیرہ اندوزوں اورمصنوعی مہنگائی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوںسے نمٹا جائے کمشنر راجہ جہانگیر انور
بہاول پور: 3/ اکتوبر : کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور انتظامی افسران گراں فر وشوں، ذخیرہ اندوزوں اورمصنوعی مہنگائی میں ملوث افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائیں اور ان مافیازسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں ڈویژنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہدپرویز وڑائچ، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سید موسیٰ رضا، ایڈیشنل کمشنر (رابطہ) فیصل عطا خان، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اکرام احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچرل حافظ محمد شفیق،ڈائریکٹر لائیوسٹاک سید محمد سبطین شاہ،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز محمد زبیر عباسی،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی مہر ملازم حسین اور دیگر افسران شریک ہوئے۔کمشنر بہاول پورڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اجلاس میں ڈویژن بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور انتظامی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر کے 125 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گذشتہ ہفتے کے دوران 393 کاروباری مراکزاور مارکیٹوں کا معائنہ کیااور گراں فروشی پر موقع پر ہی 854500/-روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔نیز گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 26 مقدمات کے اندراج سمیت 10 کاروباری مراکز کو سربمہر کیا گیا اور 20 افراد کو موقع پرہی حراست میں لے لیا گیا۔کمشنر بہاول پورڈویژن نے ہدایت کی کہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت اور سستی نہ برتی جائے اوربہاول پور ڈویژن کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور انتظامی افسران ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث افراد کے خلاف مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ و اشیائے خوردونوش سمیت ضروریات زندگی کی دیگر تمام اشیاء کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام الناس کو ریلیف مہیا کیا جا سکے۔