پرنس بہاول عباسی کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بہاولپور کی بندش کے حوالے سے اپنی اور اہل بہاولپور کی تشویش سے آگاہ کیا
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کی قدیم مشینری اور تاریخی ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے پرنس بہاول خان عباسی کی تجویز سے اتفاق کیا نیز ،حکومت پنجاب کو اپنی سفارشات بجھوانے کی یقین دھانی کرائی
بہاولپور (سٹاف رپورٹر ) امیر آف بہاولپور کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی جسمیں اُنہوں نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بہاولپور کی بندش اور اسکی نادر تاریخی مشینری کو نیلام کرنے کے حوالے سے اپنی اور بہاولپوری عوام کی تشویش سے آگاہ کیا – پرنس بہاول عباس خان عباسی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کو بتایا کہ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس دہائیوں تک ریاست بہاولپور کے سرکاری و انتظامی کا بنیادی ستون رہا ہے اسکا خاتمہ بہاولپور کی تاریخی حیثیت کو مٹانےکے مترادف ہو گا-
ولی عہد بہاولپور نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابین بہاولپور کے قائم کردہ اس عظیم ادارے کی تاریخی حیثیت کو آنے والی نسلوں تک محفوظ بنانے کیلئے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بہاولپور کی عمارت میں خصوصی میوزیم قائم کیا جائے جہاں اسکی قدیم مشینری اور تاریخی ریکارڈ کو رکھا جائے-ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے پرنس بہاول عباس خان عباسی کی اس تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے بہاولپوری عوام کے جذبات و احساسات سے حکومت پنجاب کو آگاہ کرنے کی یقین دھانی کرائی۔

