اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدرکی میونسپل کمیٹی کو جنرل بس سٹینڈ میں مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا پلان تیار کرنے کی ہدایت

اوچ شریف جیسے قدیم ثقافتی شہر کی تعمیر و ترقی، خوبصورتی اور تاریخی مقامات کی عظمت رفتہ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے میڈیا سے گفتگو
اوچ شریف (کرائم رپورٹر)اوچ شریف کے جنرل بس اسٹینڈ کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے حکومت متحرک،اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے میونسپل کمیٹی کو جنرل بس سٹینڈ میں مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی، بس سٹینڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ،واش روم، انتظار گاہ، داخلی اور خارجی راستے کشادہ کرنے کے احکامات، تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے جنرل بس اسٹینڈ کی بحالی و تزئین وآرائش اور مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے میونسپل انتظامیہ سے پلان طلب کر لیا ہے
جنرل بس اسٹینڈ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا کہ اوچ شریف جیسے قدیم اور بین الاقوامی ثقافتی شہر کی تعمیر و ترقی، خوبصورتی اور تاریخی مقامات کی عظمت رفتہ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے کہا کہ اس تاریخی شہر کو صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی اور اس کے عظمت رفتہ کی بحالی کے حوالے سے مثالی بنایا جارہاہے اور اس کے بازاروں وکاروباری مراکز کی حالت بھی جدید تقاضوں کے مطابق ایسی کی جا رہی ہے کہ یہاں آنے والوں کو، پیدل چلنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے بلکہ جو بھی ان بازاروں میں گھومے اسے صاف ستھرا ماحول اور خوبصورت گلی کوچے دیکھنے کو ملیں۔
اس موقع پر موجود سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم نے میڈیا کو بتایاکہ پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کی دی گئی ہدایات اور گائیڈ لائنز کے مطابق میونسپل انتظامیہ ستھرا پنجاب مہم، انسداد تجاوزات آپریشن، گرین بیلٹس کی صفائی، موسم بہار کی شجرکاری مہم اور مرکزی چوراہوں پر نصب مانومنٹس کے ذریعے خوبصورت بنانے پر کام کیا جا رہاہے، انہوں نے کہا کہ عباسیہ کینال ماڈل برج اور الشمس چوک بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے تحت فواروں کی تنصیب اورمانومنٹس پر تھیم لائٹس لگائی جا چکی ہیں، انہیں رات کے اوقات میں روشن رکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے، قاضی محمد نعیم نے کہا کہ میونسپل انتظامیہ شہر کی بہتری اور اسے ضلع بہاول پور کا خوبصورت شہر بنانے کے مشن پر کاربند ہے۔