اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا
جلوس کے راستوں پر تمام انتظامات بروقت مکمل اور فعال رکھے جائیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت میسر ہو اسسٹنٹ کمشنرکی متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت
احمدپورشرقیہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیرِ قیادت اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اقراء ناصر نے محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس کے روٹ کا مکمل معائنہ کیا۔ اور سکیورٹی، صفائی ستھرائی، روشنی، تجاوزات کے خاتمے، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے جلوس کے راستوں پر لگائی گئی سبیلوں کا بھی معائنہ کیا اور عزاداروں کو ٹھنڈے، میٹھے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر تمام انتظامات بروقت مکمل اور فعال رکھے جائیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت میسر ہو اور محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول برقرار رہے۔ ضلعی انتظامیہ بہاولپور عوامی خدمت اور عزاداروں کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے

