Advertisements

حاصل پور میں یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن

a-university-campus-will-be-set-up-in-hasilpur
Advertisements

وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران گورنر پنجاب کو زراعت کے شعبہ میں کی جانے والی تحقیق سے آگاہ کیا

گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور دور دراز علاقوں تک معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ترقی اور توسیع قابل تعریف ہے اور جلد ہی حاصل پور میں یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار آج وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار میں اضافے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ موجودہ حکومت دور دراز علاقوں میں جامعات کے کیمپس کھول کر اعلیٰ تعلیم کے مواقعے نوجوانوں کی دہلیز تک پہنچانا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے احمد پور اور لیاقت پور کیمپس کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر سے کہا کہ حاصل پور میں بھی یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لیے فوری منصوبہ تیار کیا جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو چولستان میں جدید ترین موسمیاتی نظام کے ذریعے بارش میں اضافے اور ایگری اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چولستان کے 66لاکھ مربعہ کلومیٹر رقبے پر بارش کی شرح کو بڑھانے کے لے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے پیش کیا گیا منصوبہ بہت کارآمد ہے۔ اس منصوبے سے ایک طرف تو زرعی رقبے میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور فوڈ سیکورٹی کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی ہو گی تو دوسری طرف چولستان کے مقامی باشندے بھی خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارش میں اضافے کے خصوصی نظام کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے چانسلر کے دفتر سے ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گورنر پنجاب کو زراعت کے شعبہ میں کی جانے والی تحقیق سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریپ انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے سویابین اور مکئی کی کاشت کا منصوبہ چین کی سیچوان زرعی یونیورسٹی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے پولٹری فیڈ اور خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا اربوں روپے کا زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منصوبہ سی پیک کے مرکزی پروجیکٹس میں شامل کر لیا گیا ہے۔کپاس کی تحقیق میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور عالمی مقام حاصل کر چکی ہے اور یونیورسٹی کی متعارف کردہ کپا س کی اقسام 50فیصد رقبے پر کاشت ہور ہی ہے۔ وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی میں جاری تدریسی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کانوکیشن کی تیاریاں جاری ہیں اور گورنر پنجاب سے صدارت کی درخواست کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنرپنجاب کو قومی سیرت کانفرنس میں شرکت کے لیے بھی خصوصی دعوت دی۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وہ جلد ہی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ کریں گے اور ماضی کی طرح یونیورسٹی کی ترقی اور بھلائی میں ذاتی دلچسپی لیں گے۔

Advertisements