اسلامیہ یونیورسٹی میں تین روزہ قومی سیمینار برائے یکساں نصاب تعلیم

ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام تین روزہ قومی سیمینار برائے یکساں نصاب تعلیم(سنگل نیشنل کریکولم) کی اختتامی تقریب کا انعقاد مرکزی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی وائس چانسلر بہا ؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ سجاد وائس چانسلر میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کراچی، پروفیسر ڈاکٹر محمدسجاد وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، ڈائریکٹر آئی ای ار پنجاب یونیورسٹی لاہور، ڈاکٹر مریم چغتائی نیشنل کریکولم کونسل اسلام آباد، ملک احمد ڈپٹی ڈی ای او بہاولپور، ڈاکٹر خالد خورشید چیئرمین شعبہ ایجوکیشن بہا ء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، عاصمہ شاہ نیشنل کویکولم کونسل اسلام آباد،پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی، ڈین فیکلٹی آف لاء، پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر اختر علی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، ڈاکٹر عابد شہزاد، پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر چیئرپرسن شعبہ سپیشل ایجوکیشن اورپروفیسر ڈاکٹر شاہد فاروق شامل تھے۔ اس موضوع پر اساتذہ کی پروفیشنل ترقی و ترویج کے لیے ایک نیشنل کنسورشیم برائے ترقی پاکستانی اساتذہ وتدریس پر دستخط کیے گئے۔ جس کانام "نیشنل کونسورٹیوم فار پروموشن اف ٹیچر ایجوکیشن ان پاکستان” ہے۔ تقریب کے اختتام پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا اور ان شرکاء کی اس کاوش کو سراہا گیا کہ جس سے انہوں نے ان تین دنوں میں پاکستان کے مستقبل کے معماروں کے لیے سفارشات مرتب کیں۔ تقریب میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اس کریکولم سے پاکستان میں طبقاتی امتیازات کا خاتمہ ہوگا اور پاکستانی نظام تعلیم یکساں قوم تشکیل دے پائے گا۔ دریں اثناء فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تعاون سے ہونے والے اس پروگرام کے پہلے دن یکساں نصاب پڑھایا جانے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے شرکت کی اور اس حوالے سے اپنے تجربات اور آراء سے آگاہ کیا۔دوسرے روز نجی سکولوں کے مالکان اور اساتذہ شریک ہوئے۔جبکہ تیسرے روز ماہرین تعلیم،والدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔تمام سٹیک ہولڈرز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی جانب سے یکساں نصاب کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کے انعقاد کو سراہا۔

