Contact Us

اسلامیہ یونیورسٹی شعبہ ٹرانسلیشن اسٹڈیز اور شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار

islamic studies seminar

 اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، شعبہ ٹرانسلیشن اسٹڈیز اور شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام، گھوٹوی ہال میں ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار بعنوان”قرآنِ عربی کے تراجم اور عصر حاضر کے تقاضے،“ ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن کے زیرِ نگرانی منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان، سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی  بہاولپور بطور مہمان خصوصی شریک تھے، جبکہ امریکہ کے معروف ماہر معاشیات اور مترجم و مفسر قرآن ڈاکٹر بدر ہاشمی نے آن لائن کلیدی خطاب کیا، یونیورسٹی اساتذہ، ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز اور عمائدین شہر نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں نظامت کے فرائض شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی سے ڈاکٹر زوہیب احمد نے سرانجام دیئے۔ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ نگرانی بی ایس لیول پر پڑھایا جانے والا کورس ”عربی برائے فہم قرآن“ کے بارے میں معزز مہمانوں اور دیگر شرکاء کو آگاہ کیا۔سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان نے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن فہمی امت مسلمہ کی ایک بنیادی ضرورت ہے جس سے وطنِ عزیز کی ملت اسلامیہ خود بخوبی آگاہ نہیں ہے۔ اس طرح کے پروگرام قرآن سے ہمارا تعلق کو مضبوط بناتے ہیں۔مہمان مقرر ڈاکٹر بدر ہاشمی نے امریکہ سے آن لائن خطاب میں بتایا کہ انگریزی زبان میں ترجمہ قرآن کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کہ اس سے قبل جتنے بھی تراجم موجود تھے وہ مشکل زبان میں تھے اورعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نہ تھے۔دوسرا اسکی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ ترجمہ و تفسیر میں مسلمانوں اور دین ابراہیمی کے دیگر ماننے والوں کی مشترک تعلیمات کا بھی سابق صحف سماویہ کے تناظر میں ذکر موجود ہو، تاکہ یورپ و امریکہ میں تبلیغ اسلام میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد یورپ و امریکہ میں اسلام اور قرآن کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔تاہم اس پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والے بھی جب معجزاتی کتاب قرآن کے تراجم کا مطالعہ کرتے ہیں تو وہ مسلمان ہوجاتے ہیں۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور،انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے صدارتی خطاب میں کہا کہ امریکہ کے معروف ماہر معاشیات بدر ہاشمی گزشتہ چار دہائیوں سے مستقل طور پر شمالی امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ آپ کا تعلق بہاولپور سے ہے، ابتدائی تعلیم بہاولپور سے حاصل کی، سول سروس جوائن کی، ورلڈ بینک جیسے بڑے اداروں سے منسلک رہے اور بطور ماہر معاشیات، امریکہ میں ایک طویل وقت گزارا لیکن اپنی بنیادوں، اسلام اور بہاولپور کی دھرتی سے محبت نہیں بھولے۔ ان کی بہت سی پبلی کیشنز منظر عام پر آچکی ہیں جن میں انہوں نے خاص طور پر جنوبی پنجاب کی دو بڑی یونیورسٹیوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کو کریڈٹ دیا ہے۔پروگرام کے اختتام پر مہمانان گرامی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

مزید پڑھیں