پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ایکسچیج پروگرامز شروع کرنے چاہئیں گورنر پنجاب
تعلیمی وفود کے تبادلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلی تعلیم، تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی
محمد بلیغ الرحمن کی سر سٹیو سمتھ کی قیادت میں آ نےوالے وفد سے ملاقات صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان بھی اس موقع پر موجود تھے
لاہور27 اپریل2024 …گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں پروفیسرسر سٹیو سمتھ کی قیادت میں یوکے سے آئے اعلی سطحی تعلیمی وفد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں ڈاکٹر وینڈی الیگزینڈر، سکاٹ لینڈ کے ایجوکیشن چیمپئن۔ برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے قابل ذکر مندوبین اور برٹش کونسل پاکستان کے نمائندگان شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے وفد کے شرکا کو خوش مدید کہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ ایکسچیج پروگرامز شروع کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی وفود کے تبادلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلی تعلیم، تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت ریسرچ کمرشلائزیشن، اختراعات اور باہمی اشتراک کے ذریعے اعلی تعلیم اور سماجی بہبود کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ برطانوی یونیورسٹیوں سے وابستہ اکیڈیمیہ پنجاب کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی تبادلے کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت برطانیہ، برٹش کونسل، یو کے میں یونیورسٹیوں اور ایچ ای سی کے ساتھیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ ان کی مشترکہ کوششوں کا مقصد معیار، مساوات اور شفافیت جیسے اصولوں کے فروغ کے ذریعے اعلی تعلیم کو بین الاقوامی بنانا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے مسلسل تعاون سے اعلی تعلیم کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔