Advertisements

اردو گھر’وسیب‘ اور دیگر اداروں کے باہمی اشتراک سے شہاب دہلوی اکیڈمی کے اعزاز میں پروقار تقریب

A grand ceremony in the honor of Shahab Dehlvi Academy
Advertisements

بہاول پور:19/جنوری:  اردو گھر’وسیب‘ اور دیگر اداروں کے باہمی اشتراک سے شہاب دہلوی اکیڈمی کے اعزاز میں بہ سلسلہ 24 تقریبات (12 تقریبات اساتذہ کرام کی شان میں اور 12 تقریبات بہاول پور کے ادبی فورمز یا شخصیات کے ساتھ) کی کاوشوں کو سلام پیش کرنے کے حوالہ سے مریم ہال وسیب بینکوئٹ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مہمان فورم شہاب دہلوی اکیڈمی کے روح رواں پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، محمد عارف جان اور سید شہیر حسن رضوی سے انٹرویو پینل میں شریک شازیہ نصیب سومرو، ڈاکٹر رفیق الاسلام، محمد نعمان فاروقی، راجہ شفقت محمود اور سید فیصل معین نے سوالات کیے۔ ڈاکٹر شاہد حسن رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہاب دہلوی اکیڈمی علم و ادب کی ترویج کے لیے کوشاں ہے اور بہاول پور کے ادیبوں کو فورم مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلہ میں وسائل کی کمی کے باوجود ماہنامہ’الہام‘ کی کامیاب اشاعت بھی بروقت ہوتی ہے اور اردو اکیڈمی بہاول پور کے زیراہتمام سہ ماہی مجلہ الزبیر بھی تحقیق و تنقید کی دنیا میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سید مسعود حسن شہاب دہلوی اکیڈمی کی طرف سے ادب صحافت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں شہاب دہلوی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔ محمد عارف جان نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ شہاب دہلوی اکیڈمی اور اردو ادب کے لیے خدمات انجام دیتا رہوں۔ سید شہیر حسن رضوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل عہد میں ہم نے اپنے فورم کی تقریبات کو سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم پر نشر کیا جس میں بیرون ممالک کے ادبا ء و شعرا نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے بتایا کہ شہاب دہلوی کی ویب سائٹ موجود ہے جس کا دائرہ کار بڑھانے پر کام ہورہا ہے۔ بہت جلد اس پر جناب شہاب دہلوی کی تمام مطبوعات اور اردو اکیڈمی بہاولپور سے شائع ہونے والی کتب و دیگر نایاب مواد اپ لوڈ کردیا جائے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر مظہر حسین نے شہاب دہلوی اکیڈمی اور ڈاکٹر شاہد  حسن رضوی کی اردو ادب کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہاب دہلوی اکیڈمی کو منور جمیل ایوارڈ، ہمایوں اعظم کی کیلیگرافی کا فن پارہ، سووینئر مگ اور بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس محمد حنیف، ایگزیکٹو ممبر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مرید احمد بھٹہ، سیاسی رہنما چودھری سعد مسعود،اسلامیہ یونیورسٹی سے اساتذہ کرام، پروفیسر قدرت اللہ شہزاد، انجینئر زاہد حسن رضوی، عبدالخالق قریشی، فیض رسول ہاشمی اور اسلام آباد سے آئے ہوئے انجینئر جمال احمد اور محمد منور سمیت سماجی اور ادبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔